Author Topic: محمد حسن نظامی کی یاد میں ۔ عبداللہ جان جمالدینی کی تحریر  (Read 5361 times)

0 Members and 1 Guest are viewing this topic.

Offline Zahida Raees Raji

  • Administrator
  • *****
  • Posts: 7107
  • Karma: 356
    • Baask-Home of Baluchi Language, Literature & Culture
محمد حسن نظامی کی یاد میں

عبداللہ جان جمالدینی

بلوچوں اور بلوچستان کی تاریخ میں دوشخصیتوں کا ذکر ہمیشہ ہوا کرے گا اور انکی خدمات کو سراہا جائے گا ۔ یہ شخصیتیں ان دوبھائیوں کی ہیں جنہیں ہم محمد حسن نظامی اور محمد حسین عنقا کے نام سے جانتے ہیں اور یہ شخصیات اب ہم میں موجود نہیں۔
محمد حسن نظامی بڑے بھائی تھے او ر اُس کی یاد میں آج کی تقریب منعقد ہوئی ہے ۔ نظامی صاحب سے پہلی مرتبہ 1938میں ملاقات ہوئی۔ ہم نوشکی سے آٹھویں کا امتحان دینے کے لیے کوئٹہ آئے تھے۔ ہمارا قیام بلوچی سٹریٹ میں میر شہباز خان نوشیروانی کی بیٹھک میں تھا۔ میر صاحب کی خان عبدالصمد خان اچکزئی سے بڑی گہری دوستی تھی اور خان مرحوم نے پرنس روڈ پر عزیز پریس جس کا بعد میں نام بدل کر بلوچستان پریس رکھا گیا‘قائم کردیا تھا۔ اس پریس میں بلوچستان کا پہلا اور مشہور ہفت روزہ استقلال چھپتا تھا۔ میر شہباز خان کے ہمراہ بلوچستان پریس جانا پڑا اور وہاں نظامی صاحب سے ملاقات ہوئی۔ وہ استقلال کے ایڈیٹر تھے۔
اس ملاقات کے بعد برسوں تک نظامی صاحب کو اس پریس میں دیکھاکرتا ۔ جب کبھی پریس جاناہوتا تو نظامی صاحب کو اکثر پریس میں مصروف پاتا۔ وہ نہ صرف اخبار کا پیٹ بھراکرتے تھے بلکہ اخبار ی کام کی ذمہ داروں کے علاوہ پریس کے تمام کاروبار کے نگر ان بھی تھے۔ استقلال اور بلوچستان پریس سے ہی پہلی مرتبہ مجھے پریس اور اخبار کی اہمیت کاپتہ چلا۔
استقلال اپنے دور کا مقبول ترین اخبار تھا۔ اس کی شہرت اسباب اخبار کی عوامی پالیسی کے علاوہ محمد حسن نظامی کی ذہنی پختگی اور زور قلم میں مضمر تھے۔ میرا خیال ہے کہ استقلال کے سب سے پہلے ایڈیٹر اگر محمد حسن نظامی نہ بھی ہوں تو سب سے اہم ایڈیٹر ضرور ہونگے۔اور استقلال کی زندگی میں سب سے زیادہ عرصہ محمد حسن نظامی ہی کو میں نے استقلال سے منسلک پایا۔
محمد حسن نظامی اور ان کے خاندانی زندگی کے بارے میں اگر چہ مجھے زیادہ معلومات نہیں کیونکہ ان کا تعلق بلوچستان کے دانشوروں کے ابتدائی دورسے تھا اوروہ ہر لحاظ سے ہمارے بزرگ تھے مگر اتنا ضرور معلوم ہے کہ برسوں پہلے جب بلوچستان میں مچ کے مضافات میں ، کوئلہ کی کان کنی کی ابتداء ہوئی تو یہ خاندان پنجگور سے روزگار کی تلاش میں مچ پہنچا اور اس صنعت میں انہیں روز گار میسر ہوا۔
مچ ہی میں ان بھائیوں نے اپنے دور اندیش محترم والد کی سرپرستی میں تربیت اور تعلیم حاصل کی ۔یہ بھی معلوم ہے کہ تعلیم کے بعد محمد حسن نظامی نے تدریس کا بینہ اختیار کیا اور کئی برس سکول ٹیچر رہے اور ڈیرہ بگٹی میں پڑھاتے رہے ۔
اس طرح اس محنت کش خاندان میں بلوچستان کے ان ابتدائی دانشوروں نے جنم لیا تھا۔ انکا محنت کش خاندان دانشوروں کے خاندان میں بدلا ۔ حسن نظامی نے کب سرکاری ملازمت سے علیحدگی اختیار کی اور کیونکرصحافت سے وابستگی ان کی ہوئی اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا ۔ البتہ اس قدر ضرورمعلوم ہے کہ محمد حسن نظامی کو صحافیانہ زندگی بہت راس آگئی تھی اور انہوں نے اس سے بڑی دلچسپی اور انجام کار بلوچستان کے مقتدر صحافیوں میں انکا شمارہوا۔
استقلال کے بعد محمد حسن کی ہفت روزہ تنظیم سے وابستگی کا علم ہوا ۔ یہ اخبار مرحوم میر جعفر خان جمالی کا تھا۔ جس کی ادارت نظامی سے پہلے نسیم حجازی صاحب کیا کرتے تھے۔ہفت روزہ تنظیم کی حیثیت اگرچہ استقلال جیسی نہ تھی۔ مگر محمد حسن نظامی نے فن صحافت میں اس قدر اونچامقام حاصل کیا تھا۔ اور شہرت پائی تھی کہ تنظیم نظامی صاحب کی وجہ سے مشہور ہوا۔
۔1950سے جب میں کوئٹہ میں رہنے لگا تو محمد حسن نظامی صاحب سے زیادہ آشنائی ہوئی اور جب میرا تعلق بھی صحافت سے ہوا تو نظامی صاحب کی اہمیت کا مجھے بہ خوبی احساس اور علم ہوا۔
ان دنوں نظامی صاحب میر احمد خان روڈپر اپنے چھوٹے بنگلہ میں رہا کرتے تھے۔، جو انہوں نے ایک پلاٹ حاصل کر کے بنوایا تھا۔ میں اور میرے دوست عبدالواحد کرد اکثر ان کے پاس جایا کرتے تھے۔ انہیں اپنے پھولوں کی آب یاری اور قطع وبرید میں مسحور پاتے تھے۔وہ ان گلاب کے پھولوں میں بہت ہی دلچسپی لیتے تھے جنہیں انہوں نے بہت ہی ذوق شوق سے لگایاتھا ۔نظامی صاحب بہت ہی باذوق انسان تھے ۔ ان کی گفتگو ان کی تحریر کی طرح بہت ہی دلچسپ ہوا کرتی تھی۔ وہ پر مزاح انسان تھے ۔ مسکراتے مسکراتے بہت کچھ کہہ جاتے ۔ ان کا چہرہ ہی سے ان کے تدبر کا اندازہ ہوسکتا تھا۔
جب بھی نظامی صاحب کو صحافیوں کے حلقے میں د یکھتا تو ان کی بزرگی مدانش مندی اور وقار کااندازہ ہوتا ۔ ایسے ہی انہیں سرکاری پریس کانفرنسوں میں پاتا ۔ہر جگہ لوگ ان کا احترام کرتے وہ صاحب رائے تھے اور ہر مسئلہ میں صحافی اور ارباب بست وکشاان کی رائے معلوم کرنے کی کوشش کرتے۔ میر جعفر جمالی نے بہت پہلے ہفت روزہ تنظیم کو مکمل طور پر نظامی صاحب کے حوالہ کردیا تھا۔ نظامی صاحب تنظیم کے مالک مدیرتھے۔ اور آخر دم تک انہیں شائع کرتے رہے۔
نظامی صاحب نے جہاں تک مجھے معلوم ہے کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت نہیں کی ۔ مگر ا سکے باوجود بلوچستان کے نامی گرامی سیاست مدار ان کے پاس جاتے ۔میر جعفر خان جمالی، میر عبدالعزیز کرد ،عبدالصمد خان اچکزئی ، شہزادہ عبدالرحیم ،عبدالرحیم خواجہ خیل ، میر گل خان نصیر، میر غوث بخش بزنجو، میر عبدالقادر شاہوانی، میر شہباز نوشیروانی، میر محمد خان باروزئی وغیرہ اکثر ان کے یہاں آتے جاتے ۔ہر اہم مسئلہ پر اور سیاست کے ہر موڈ پر محمد حسن نظامی کی رائے معلوم کی جاتی ۔ اور اکثر حضرات ان کا مشورہ طلب کرتے ۔ گویا سیاسی لیڈر نہ ہوتے ہوئے بھی محمد حسن نظامی بلوچستان کی سیاست سے گہرا تعلق رہا ہے ۔
سرکاری حلقے بھی سیاسی حلقوں کی طرح نظامی صاحب سے مشورہ کیا کرتے اور ہر مسئلہ پر ان کی رائے معلوم کرنے کی کوشش کرتے۔
سیاسی بحث ومباحثوں میں اکثر محمد حسن نظامی کی رائے کا تذکرہ ہوتا اور ان کے حوالے دیے جاتے۔
محترم محمد حسن نظامی سے آخری ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ مہلک حادثہ کا شکار ہو کر سول ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ میں اور جناب نادر کمبرانی صاحب ان کی عیادت کے لیے ہسپتال گئے تھے ۔ وہ بے ہوشی کے عالم میں تھے ۔ ان کے فرزندِار جمند ظہور الحسن صاحب نے ہمارے منع کر نے کے باوجود ہمارے نام لے کر اپنے قابل احترام والد کو ہوش میں لانے کی کوشش کی۔ ان کی آنکھیں کھل گئیں۔ ہمیں دیکھا اور مسکرا دیئے اور بس۔ پھر بے ہوشی کی کیفیت ان پر طاری ہوئی۔
یہ تھی میری ان سے آخری ملاقات۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
گوں واجہ شاہ محمد مری ءِ منتواری ءَ
Zahida Raees :Raji:
baaskadmin@gmail.com , admin@baask.com
Learn Baluchi Composing in INPAGE
Learn Balochi Poetry Background Designing
Help Line

Offline Zahida Raees Raji

  • Administrator
  • *****
  • Posts: 7107
  • Karma: 356
    • Baask-Home of Baluchi Language, Literature & Culture
بھتیجا ناراض ہے۔۔۔۔ محمد حسین عنقا
« Reply #1 on: January 12, 2018, 08:36:01 AM »
بھتیجا ناراض ہے۔۔۔۔ محمد حسین عنقا
’’بلوچستان جدید ‘‘یکم مارچ1934
فاروق عزیز (پسرِرفیق عبدالعزیز کرد) کی عنقا صاحب کو ڈانٹ، اس لیے کہ اس کا والد اور عنقاصاحب کاساتھی جیل میں ڈالدیا گیا تھا
’’چچا عنقاؔ تم تنہا کیوں ہو؟ میرا ابا جان کہاں ہے ؟ ۔وہ تمہارے ساتھ باہر گیا تھا ،تم نے اُن کو کیا کیا؟ ۔کہاں چھوڑا ؟ ۔بتاؤ بتاؤ ،خدا کے لیے بتاؤ۔۔۔۔
 ’’دور ہو میرے سامنے سے دور ہو۔ جب میرا بابا جان تمہارے ساتھ نہیں میں تجھے بھی دیکھنا نہیں چاہتا ۔ جب تک میں ان کو نہ دیکھوں تم کو دیکھنے سے میری آنکھوں میں وہ طراوت،وہ تسلی اور وہ سرور نہیں آسکتا۔ وہ ہمیشہ تم سے آگے آگے ہوا کرتے تھے اور تم پیچھے پیچھے ۔آج کیوں ایسا ہو رہا ہے ؟ ۔آخر بات کیا ہے؟۔۔۔
 ’’میں تم کو چچا کہہ کر اپنی زبان کو مردار کرنا نہیں چاہتا۔ تم بے وفا ہو۔ یاروں کے یار نہیں تم دغا باز ہو۔ دوستوں کے دوست نہیں۔ تم نامرد ہو ،مردوں کا ساتھ نہیں دے سکتے ۔ تم ڈرپوک ہو بہادروں کے ساتھ نہیں جاسکتے۔ ۔۔‘‘۔
 ننھے اور معصوم فاروق عزیز کا چہرہ اب تھمتھما گیا ہے ۔ وہ گھور گھور کر میری آنکھوں میں ایسی آنکھیں ڈال رہا ہے کہ میرے قلب کی گہرائیوں کو چیرتی ہوئی جارہی ہیں۔۔۔
 میں ایک سناٹے کے عالم میں ہوں کہ کوئی خدارا بتاؤ کہ میں اس بچے کو کیا کہوں؟ ،کیا جواب دوں ؟ کہ میں نے اپنے عزیز بھائی یعنی تیرے ابا جان کو کیا کیا؟، کہاں چھوڑا ؟ ۔اور وہ کب آئے گا؟ اور اپنی آغوش کے اس خوبصورت جیتے جاگتے کھلونے کے ساتھ کب کھیلے گا ،اپنا جی پہلائے گا۔ اور اس سے پیار کر کے اس کے نازک اور ننھے دل کو تسلی دے گا۔
Zahida Raees :Raji:
baaskadmin@gmail.com , admin@baask.com
Learn Baluchi Composing in INPAGE
Learn Balochi Poetry Background Designing
Help Line